(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کے انعقاد کو کامیاب بنانے کیلئے حماس قیادت کی دیگر فلسطینی سیاسی قوتوں سےملاقاتیں ، انتخابات کو کامیاب بنانےکیلئے صلاح مشورے کئے گئے۔
مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کےخلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ فلسطین کے محصور شہر غزہ میں سیاسی جماعتوں سے مشاورت کیلئے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جس میں مختلف فلسطینی سیاسی جماعتوں، مذہبی اورسماجی قوتوں نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا مقصد فلسطین کے صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کی راہ میں حائل رکاوٹوں کی نشاندہی اور انہیں دور کرنے کے لیے متفقہ حکمت عملی اختیار کرنا ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ منگل کو فلسطینی الیکشن کمیشن کیے چیئرمین حنا ناصرنے غزہ کی پٹی کے دورے کےدوران فلسطینی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی قیادت سےملاقات کی۔ اس موقع پرانہوں نے صدر عباس کی طرف سے تمام جماعتوں کی قیادت کے نام بھیجے گئے مکتوب بھی ان کے حوالے کیے اور ان سے مکتوبات کے جواب دینے کو کہا گیا۔حماس نے 28 اکتوبر 2019ء کو مرکزی کونسل، صدارتی اور پارلیمانی انتخابات میں بھرپور طریقے سے انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تھا۔