(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) حماس کے سابق سربراہ نے کہا ہے کہ صیہونی توسیع پسندی کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے ہماری جد جہد کا پہلا قدم اسرائیل کے ساتھ تمام تر سیکیورٹی تعاون ختم کرنا ہوگا۔
اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سابق سربراہ خالد مشعل نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیل کے ساتھ جاری سیکیورٹی تعاون ختم کرے اور طرز عمل تبدیل کرتے ہوئے فلسطینی علاقوں پر قبضے کے لیے اسرائیلی منصوبوں کو ناکام بنانے کے لیے اپنی ذمہ داریاں انجام دے۔
خالد مشعل کی طرف سے غرب اردن کو اسرائیل میں شامل کرنے کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لیے ایک ویژن پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ توسیع پسندی کے صہیونی پروگرام کو ناکام بنانے کےلیے ہماری جد جہد کا پہلا قدم اسرائیل کے ساتھ تمام تر سیکیورٹی تعاون ختم کرنا ہوگا، اس کے ساتھ ساتھ فلسطینی اتھارٹی کو اپنی ذمہ داریوں اور طرز عمل کو تبدیل کرنا ہوگا۔
الحاق کے اسرائیلی پروگرام کو ناکام بنانے کے لیے فلسطینی اتھارٹی کو قومی ذمہ داری کا ثبوت دینا ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ غرب اردن پر اسرائیلی ریاست کا قبضہ، اس کا الحاق اور امریکا سنچری ڈیل منصوبہ دونوں سازشیں ہیں۔ فلسطینیوں کو ان سازشوں کا مقابلہ کرنے کے لیے قومی سطح پر منظم اور مربوط حکمت عملی طے کرنا ہوگی۔انہوںنے فلسطینی اتھارٹی پر زور دیا کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کے ڈھانچے کی تشکیل نو کرے تاکہ اسرائیلی ریاست کی طرف سے انسانی حقوق کی پامالیوں کا مقابلہ کیا جاسکے۔