(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ پر اسرائیلی فوج کا حالیہ حملہ نہ تو پہلا ہے اور نہ ہی آخری ہے، فلسطینی قوم کے ایک ایک شہید اور اس کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا، آخری فتح ہماری اور شکست صیہونی دشمن کا مقدر ہوگی۔
مقبوضہ فلسطین میں صیہونی مظالم کے خلاف برسرپیکار تحریک اسلامی جہاد کے شہید کمانڈر بہاء ابو العطاء کی تعزیت کے حوالے سے غزہ میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حماس کے سربراہ اسمعٰیل ھنیہ کا کہنا ہے کہ قابض صہیونی دشمن کے خلاف ہماری جنگ زمان ومکان کی قید سے آزاد ہے، اب دشمن کے خلاف ہرمحاذ پر کھلی جنگ ہوگی۔
انہوں نے اسلامی جہاد کے کمانڈر ابو العطاء کی جہاد فلسطین کے لیے خدمات کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی مزاحمتی فورسز پر مشتمل مشترکہ کنٹرول روم نے دفاعی اور جنگی تیاریوں کے میدان میں اہم پیش قدمی کی ہے۔ دشمن کو جنگ کے بہت سے پہلوؤں پر حیران کیا گیا۔اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ فلسطینی قوم کے ایک ایک شہید اور اس کے خون کے ایک ایک قطرے کا حساب لیا جائے گا۔ آخری فتح ہماری ہوگی اور شکست دشمن کا مقدر ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اسلامی جہاد اور حماس اور دونوں جماعتوں کے عسکری بازو القدس بریگیڈ اور القسام بریگیڈ مضبوط رشتے میں ایک دوسرے کے ساتھ باندھے ہوئے ہیں۔