(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ نے اسرائیل کی جانب سے غرب اردن کو ملانے والی ’’ایریز‘‘[بیت حانون] گذرگاہ کے راستے غزہ کے شہریوں کے غرب اردن اور وہاں سے اردن داخلےسے روکنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے صہیونی ریاست کی کھلی جارحیت قرار دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے میڈیا کو جاری ایک بیان میں کہا کہ ایریز گذرگاہ سے غزہ کے شہریوں کو مغربی کنارے میں داخل ہونے سے روکنا غزہ کا محاصرہ مزید سخت کرنے کی کھلی سازش ہے۔خیال رہے کہ حال ہی میں اسرائیلی انتظامیہ نے غزہ کے شہریوں کو ایریز گذرگاہ کے راستے مغربی کنارے میں داخل ہونے سے روک دیا تھا۔ جس کے بعد غزہ کے شہریوں کو قبلہ اوّل میں نماز جمعہ کے لیے پہنچنے میں مشکلات پیدا ہوگئی تھیں۔
حماس نے عالمی برادری سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ غزہ کی شہریوں پر اسرائیل کی ناروا پابندیوں کا نوٹس لیتے ہوئے فلسطینیوں کے خلاف صہیونی جرائم کی روک تھام کرائے۔
