فلسطینی شہر غزہ کی پٹی میں اسلامی تحریک مزاحمت‘‘حماس’’ کی منتخب عوامی حکومت کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی کو مصر کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی نہ ماضی میں مصر کےخلاف استعمال ہوئی اور نہ ہی آئندہ اس طرح کی کسی سازش کو کامیاب ہونے دیا جائے گا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق وزیراعظم نے ان خیالا ت کا اظہار مصردورے سے واپس آنے والے سیکیورٹی کے ایک اعلٰی سطحی وفد سے بات چیت کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصری حکومت کو فلسطینیوں پر بھرپور اعتماد ہے اور وہ اس اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچنے دیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے اپنی سیکیورٹی اہلکاروں کا وفد اس لیے قاہرہ بھیجا تھا کہ مصری حکومت کویہ یقین دہانی کرائی جا سکے کہ غزہ کی سرزمین کو اس کےخلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا بلکہ غزہ کی پٹی مصر کی دفاع کی فرنٹ لائن ہو گی۔ خیال رہے کہ فلسطینی سیکیورٹی اہلکاروں کا ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد حال ہی میں مصر کے دورے پر گیا تھا۔ وفد کے اہلکاروں نے مصری انٹیلی جنس چیف، اخوان المسلمون کے مرشد عام اور دیگر اہم رہ نماؤں سےملاقاتیں کیں۔ وفد نے واپسی پر وزیراعظم اسماعیل ھنیہ کو بتایا کہ ان کا دورہ مصر نہایت کامیاب رہا اور وہ ان کی مصری حکام سے خوشگوار با اعتماد ماحول میں بات چیت ہوئی ہے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین