رپورٹ کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں تحریک فتح کے اس موقف کی شدید مذمت کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ فتح غزہ میں بندرگاہ کے قیام کی مخالف ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر عباس کی پارٹی کی جانب سے غزہ میں بندرگاہ کے قیام کی مخالفت غزہ کے عوام کو بلیک میل کرنے اور گروہی مفادات کی سیاست کرنے کے مترادف ہے۔ غزہ کی پٹی میں بندرگاہ کے قیام کی مخالفت صہیونی دشمن کی ظالمانہ پالیسیوں کی حمایت اور غزہ کی پٹی کا محاصرہ برقرار رکھنے کی سازش ہے۔ حماس تحریک فتح کے اس قوم دشمن موقف کو کسی صورت میں قبول نہیں کرے گی۔
خیال رہے کہ تحریک فتح کی سینٹرل کمیٹی کے رکن عزام الاحمد نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی جماعت غزہ میں بندرگاہ کے قیام اس لیے مخالف ہے کیونکہ اس سے قبرص کی سلامتی کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
عزام الاحمد کے متنازع بیان پر فلسطین بھرمیں عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔