(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ( کورونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر غزہ انتظامیہ نے دو ہفتوں کے دوران ایک ہزار یونٹس پر مشتمل قرنطینہ سینٹر کی تعمیر کو مکمل کرلیا ہے ۔
اسلامی مزاحتمی تحریک حماس کے دفتر سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن روحی مشتھی نے گزشتہ روز شمالی غزہ کے سرحدی علاقے میں قائم کردہ ایک ہزار یونٹس پر مشتمل قرنطینہ سینٹر کے انتظامات وزارت داخلہ کے حوالے کردیئے ہیں ۔
واضح رہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس نے دنیا بھر میں تباہی مچائی ہوئی ہے ، وائرس سے مقبوضہ فلسطین میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہوگئی ہے جبکہ غزہ میں گنجان آبادی اور صحت کی ناہونے کے برابر صورتحال کے پیش نظر انتظامیہ غیر معمولی انتظامات کررہی ہے ، حکام کا کہنا ہے کہ اگر غزہ میں کورونا وائرس پھیل گیا تو اس کو روکنا ناممکن ہوگا ۔