فلسطین کے علاقے غزہ کی پٹی کے وسط میں النصیرات پناہ گزین کیمپ کے قریب اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے ایک رہ نما کی کھڑی گاڑی کو نامعلوم افراد نے بم دھماکے سے تباہ کردیا۔
مقامی ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ جمعہ کے روز حماس رہ نما اور ممتاز عالم دین الشیخ سامی الھمص کی "سوبارو” ماڈل کی ای کار کو بم دھماکے سے تباہ کردیا گیا۔ بم دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کے ٹکڑے دور دور تک جا گرے۔
غزہ کے ایک سیکیورٹی ذریعے نے بتایا کہ گاڑی کو بارودی سرنگ کی مدد سے تباہ کیا گیا ہے جو مبینہ طور پر اس کے نیچے نصب کیا گیا تھا۔ پولیس نے واقعے کے تحقیقات شروع کردی ہیں تاہم آخری اطلاعات تک کسی شخص یا گروپ نے اس ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔
خیال رہے کہ چند ہی روز پیشتر غزہ کی پٹی میں حماس کے ایک دوسرے رہ نما کی گاڑی کو بھی نامعلوم افراد نے دھماکے سے تباہ کردیا تھا۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین