(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے محصور شہر غزہ پر جاری بےرحم صیہونی بمباری اور معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے کے باوجود فلسطینی مزاحمت بدستور قوت و استقامت کے ساتھ میدان میں ڈٹی ہوئی ہے۔
نہتے عوام کے خلاف ہونے والے مظالم کے باوجود، مجاہدین نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے فوجیوں کو مسلسل نشانہ بنا کر اس کے جنگی عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔
غزہ شہر کے مشرقی علاقے شجاعیہ میں القدس بریگیڈز نے ایک زوردار حملے میں صیہونی فوج کی ایک گاڑی کو دھماکہ خیز آلے سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔ سرایا القدس نے اعلان کیا ہے کہ یہ کارروائی دشمن کے قافلے کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے کی گئی۔
دوسری جانب شمالی غزہ میں فلسطینی مزاحمت نے ایک اور کامیابی حاصل کرتے ہوئے اسرائیلی انٹیلی جنس مشن پر مامور ڈرون کو فضا میں ہی نشانہ بنا کر مار گرایا۔ اس کارنامے کی ذمہ داری ابو علی مصطفیٰ بریگیڈز نے قبول کی ہے، جو پاپولر فرنٹ فار دی لبریشن آف فلسطین کا عسکری ونگ ہے۔
یہ واقعات اس بات کا ثبوت ہیں کہ فلسطینی مزاحمت نہ صرف قائم ہے بلکہ صیہونی دشمن کے جدید ترین ہتھیاروں کے مقابلے میں مؤثر اور بھرپور جواب دے رہی ہے۔ غزہ کی فضاؤں میں گونجتے نعرے آج بھی اس عزم کی ترجمانی کر رہے ہیں کہ مزاحمت زندہ ہے، اور یہ جدوجہد آزادی کے حصول تک جاری رہے گی۔