اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس نے فلسطینی اتھارٹی کے نمائندے صائب عریقات اور اسرائیلی عہدیدار یتزاک مولخو کے مابین خفیہ ملاقاتوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے
کہ ان خاموش ملاقاتوں سے ثابت ہو گیا کہ اتھارٹی اب بھی مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کے وہم میں مبتلا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ مغربی کنارے میں یہودی توسیعی منصوبوں کے باوجود اس کے اسرائیل کے ساتھ رابطے اب بھی جاری ہیں۔
حماس کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زھری نے ’’پی آئی سی‘‘ کے ساتھ خصوصی گفتگو میں اسرائیلی روزنامے ھارٹز میں شائع رام اللہ اتھارٹی اور اسرائیل کے مابین ملاقاتوں کے انکشاف کی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی اب بھی مسئلہ فلسطین کے تصفیے کے وہم میں مبتلا ہے اور اسرائیل کے ساتھ مذاکرات جاری رکھنے پر مصر ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز کثیرالاشاعت عبرانی روزنامے ھارٹز نے انکشاف کیا تھا کہ دو سال سے رام اللہ اتھارٹی اور اسرائیل ایک دوسرے کے ساتھ رابطے میں رہے ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین