مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حسام بدران نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ مصری عدالت کی طرف سے حماس کو دہشت گرد قرار دیے جانے کے بعد عرب اقوام اور اسلامی دنیا کی جانب سے جماعت کے ساتھ جس طرح کی یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے، حماس اس کا خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصری عدالت کے فیصلے ردعمل کے بعد عالم اسلام اور عرب دنیا کے عوام کی جانب سے حماس کی حمایت میں کھڑا ہونے سے یہ واضح ہو گیا ہے کہ پوری اسلامی دنیا مصری عدالت کے فیصلے کو تسلیم نہیں کرتی بلکہ اس ظالمانہ فیصلے کے خلاف ہم آواز ہے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ہفتے کے روز مصر کی ایک مقامی عدالت نے اپنے عاجلانہ نوعیت کے ایک فیصلے میں حماس کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔ اس سے ایک ماہ قبل مصرہی کی ایک دوسری عدالت نے حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا تھا۔
مصری عدالتوں کے غیرمنصفانہ فیصلوں کے خلاف عرب ممالک اور اسلامی دنیا میں بڑے پیمانے پر مظاہرے جاری ہیں جن میں حماس کی حمایت اور مصری عدالت کے فیصلے کی مذمت کی جا رہی ہے۔
حسام بدران کا کہنا ہے کہ عالم اسلام کی جانب سے حماس کی حمایت کے بعد مصری عدالت کو اپنے فیصلے پر نظرثانی کرلینی چاہیے کیونکہ اسلامی دنیا نے فیصلہ دے دیا ہے کہ وہ حماس کے ساتھ ہے اور حماس کو دہشتگرد گروپ قرار دینے کا ظالمانہ فیصلے کسی صورت میں قبول نہیں کرے گی۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین