غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی مزاحمتی تحریک ( حماس) نے عالمی برادری سے اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات کی اپیل کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی جانب سے اسرائیل کے خلاف قرارداد کی منظور کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو اسرائیل کے خلاف ٹھوس اقدامات بھی انجام دینا چاہئیں۔
جنیوا میں انسانی حقوق کونسل کی جاری کردہ قرارداد میں غزہ پٹی میں مظاہرہ کرنے والے فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے اقدامات کو غیرقانونی، پرتشدد اور ہلاکت خیز قرار دیا گیا ہے۔
حماس کے بیان میں انسانی حقوق کونسل کی قرارداد کو فلسطینیوں کے حق کی حمایت اور عالمی حلقوں کی جانب سے غاصب اسرائیلی حکومت کو مجرم قرار دیئے جانے کی جانب پہلا قدم قرار دیا گیا ہے۔
خیال ر ہے کہ تیس مارچ دو ہزار اٹھارہ سے جاری فلسطینیوں کے گرینڈ واپسی مارچ پر اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں اب تک دو سو ستر سے زائد فلسطینی شہید اور کم از کم ستائیس ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔