دوحہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) نے ملائیشیا کی حکومت کی طرف سے اسرائیل سے تعلقات کے خلاف اپنائے جانے والے مؤقف کو سراہتے ہوئے پوری مسلم دنیا اور عرب ممالک کے لیے نمونہ قرار دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ’’حماس‘‘ کےسیاسی شعبے کے سینیر رکن عزت الرشق نے ایک بیان میں کہا کہ ملائیشیا کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ کھیلوں کے شعبے میں تعلقات کے قیام کو مسترد کرنے کا اعلان قابل تحسین اور عالم اسلام کے لیے نمونہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ حماس ملائیشیا کی حکومت کے اسرائیل کے کھلاڑیوں کو اپنی سرزمین میں داخل نہ ہونے دینے کے اعلان کا خیر مقدم کرتی ہے۔
خیال رہے کہ ملائیشین وزیراعظم ڈاکٹرمہاتیرمحمد نے انٹرنیشنل این جی اوز کو دوٹوک جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملائیشیا اسرائیل کیلئے نوگوایریا رہے گااور 29جولائی سے ہونےوالی پیرا سوئمنگ چیمپئن شپ میں کسی اسرائیلی کو شرکت کی اجازت نہیں ملےگی۔