(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی حکام نے مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ کے سینیر رہ نما اورقانون کونسل کے رکن "الشیخ حسن یوسف "کی انتظامی قید میں مزید توسیع کردی گئی ہے۔
فلسطینی قیدیوں کی تفصیلات فراہم کرنے والے ادارے کی رپورٹ کے مطابق بیمار اور معمر فلسطینی رہ نما اور قانون کونسل کے رکن "الشیخ حسن یوسف ” کی حراست کی مدت میں توسیع حال ہی میں ان کی جیل کے اسپتال میں ہونے والی اپینڈیکس کی سرجری کے بعد کی گئی ہے۔ فلسطینی محکمہ امور اسیران کے مطابق الشیخ حسین یوسف ضیعف العمری کے ساتھ کئی امراض کا بھی شکار ہیں جن میں بلند فشار خون، ذیابیطس، کولسٹرول،سردرد اور دیگر امراض شامل ہیں۔
الشیخ حسن یوسف کو اسرائیلی فوج نے 2 اپریل 2019 کو رام اللہ کے مغرب میں بیتونیا قصبے میں واقع ان کے گھر سے حراست میں لے لیا تھا۔ وہ اب تک 22 سال اسرائیلی عقوبت خانوں میں زندگی گذار چکے ہیں۔ اسرائیلی حکام نے 8 اپریل کو انہیں انتظامی قید کی سزا سنائی تھی جو اکتوبر میں ختم ہوگی۔ پچھلے سال 65 سالہ حسن یوسف کو 11 ماہ مسلسل انتظامی قید میں رکھنے کے بعد رہا کیا گیا تھا۔