(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ ) حماس کا کہنا ہے کہ قابض صہیونی فوج فلسطینیوں کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں اندھی ہوچکی ہے اورگزشتہ سال کے دوران صہیونی حکام نے فلسطینیوں کے 170 گھروں کو مسمار کیا جس کے باعث ایک ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں۔
مقبوضہ فلسطین میں صہیونی ریاست کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی جانب سے فلسطینیوں کے خلاف قابض صہیونی ریاست کی انتقامی کارروائیوں کی تفصیلات جاری کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکام نے گزشتہ ایک سال کے دوران ایک ہزار سے زائد فلسطینیوں جن میں خواتین بچے اور بزرگ شامل ہیں ان کے گھروں کو مسمار کرکے انھیں بےگھر کردیا ہے۔
۔عینی شاہدین نے بتایا کہ گزشتہ روز قابض صہیونی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے مشرقی علاقے ابو دیس میں السواحرہ کے مقام پر فلسطینیوں کی متعدد املاک مسمار کردیں ، اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے سول انتظامیہ کے ہمراہ مقامی شہری دائود سلامہ شقیرات کے ملکیتی ایک گودام، طارق السرحی کی دکانیں ، علی صوان اور محمد الاعرج کی زیرتعمیر املاک مسمار کردیں جبکہ صہیونی حکام نے ابو دیس کے مقام پر القدس یونیورسٹی کی دیوار مسمار کردی۔