غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے سیاسی شعبے کے سابق صدر خالد مشعل نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اور القسام بریگیڈ اسرائیلی زندانوں میں پابند سلاسل قوم کے بیٹوں، ماؤں اور بہنوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ حماس اور القسام بریگیڈ نے اسرائیلی جیلوں میں پابند سلاسل تمام فلسطینیوں کو رہا کرنے کا تہیا کر رکھا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق خالد مشعل نے ان خیالات کا اظہار غزہ کی پٹی کے ایک فلسطینی شہری عمادالدین اسعد الصطاوی کی اسرائیلی جیل سے رہائی پر ان سے ٹیلیفون پر بات چیت کے دوران کیا۔ حماس رہنما نے رہائی پانے والے فلسطینی الصفطاوی کوصیہونی قید سے آزادی ملنے پر مبارک باد پیش کی۔
خیال رہے کہ الصطفافی کو اسرائیلی فوج نے 18 سال کے بعد حال ہی میں رہا کیا ہے۔
خالد مشعل نے اسرائیلی جیلوں میں قید تمام فلسطینیوں کی جلد رہائی کی امید ظاہر کی اور کہا کہ فلسطینی قوم کے اسیر بیٹوں اور بٹیوں نے اپنے صبرو استقلال سے اسرائیلی ریاست کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے ہیں۔ اسرائیلی دشمن طاقت کے استعمال، قید وبند اور جبرو تشدد کے ذریعے فلسطینیوں کے عزم کو شکست دینا چاہتا ہے مگر فلسطینیوں نے اپنی جرات ، بہادری اور استقامت سے دشمن کے ناپاک ارادے ناکام ہوگئے ہیں۔
خالد مشعل نے کہا کہ حماس کے عسکری ونگ عزالدین القسام بریگیڈ نے اسرائیلی زندانوں سے فلسطینیوں کی رہائی کا عہد کررکھا ہےاور القسام اپنے اس عہد کو ایفاء کرے گی۔