(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے ایک مقرب ذریعے نے بتایا ہے کہ بدھ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے مغربی کنارے کے وسطی شہر رام اللہ میں تلاشی کی کارروائیوں میں جماعت کے مقرب طلباء گروپ’’اسلامک بلاک‘‘ کے متعدد اہم رہنماؤں کو حراست میں لے لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کے ذریعے نے بتایا کہ بدھ کے روز اسرائیلی فوجیوں نے جامعہ بیرزیت کے ایک کیمپس پرچھاپہ مارا اور وہاں سے اسلامک بلاک کے رہ نما اور طلباء یونین کے چیئرمین سیف الاسلام دغلس کوحراست میں لے لیا۔اس کارروائی میں اسلامک بلاک کے رہنما ابراہیم جاک، طلباء لیڈر مسلم البرغوثی اور سیکرٹری طلباء یونین ایھاب ناصر کو حراست میں لے لیا۔
ذریعے نےاپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اسرائیلی فورسز نے طلباء رہنماؤں کو ایک تقریب کے انعقاد کو روکنے کے لیے حراست میں لیا ہے۔