(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض ریاست کے ایک معروف اخبار نے اپنے رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ کے سیکڑوں افسران نے صیہونی ریاست کے صدر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آئندہ ماہ ہونے والے کنیسٹ کے انتخابات کے بعد بنجمن نیتن یاھو کو حکومت کی تشکیل کی دعوت نہ دیں۔
عبرانی اخبار’یدیعوت احرونوت’ نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی فضائیہ کے تقریبا 450 ریٹائرڈ افسران نے صیہونی ریاست کے صدر رئوف ریفلین سمیت اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ )کے تمام ارکان کو ایک مکتوب ارسال کیا ہے جس میں انہوں نے صدر سے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کے بعد وہ نیتن یاھو کو حکومت کی تشکیل کی دعوت نہ دیں۔
اراکین پارلیمنٹ کو بھیجے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ایک ایسا شخص جس پر رشوت خوری، دھوکہ دہی، امانت میں خیانت جیسے سنگین الزمات عاید ہوں، اسے عدالتوں کی طرف سے مجرم بھی قرار دیا گیا ہو تو ایسے شخص کو وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز کرنے کا کوئی جواز نہیں۔اس مکتوب پر مجموعی طور پر 540 سابق افسران کے دستخط ثبت ہیں۔ ان میں بریگیڈیئر کے عہدے کے 39، کرنل کے 66، کیپٹن کے 221 افسران کے دستخط ثبت ہیں۔