اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے ترجمان طاہر نونو نے رفح کراسنگ کے قریب مصری فوجیوں کے قتل کی کارروائی کے معاملے پر مصر کے ساتھ تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے اس کارروائی میں حماس کے ملوث ہونے کی دستاویز کی مکمل طور پر نفی کر دی ہے۔
مصری روزنامے ’’الیوم السابع‘‘ کے ساتھ گفتگو میں انہوں نے کہا فلسطینی جماعت فتح کی جانب سے پھیلائی جانے والی دستاویز بے بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس دستاویز کا مقصد اہل غزہ اور مصری قوم کے تعلقات میں دراڑیں ڈالنا ہے۔
طاہر نونو کا کہنا تھا کہ حماس مصر کے ساتھ تعلقات کی خواہاں ہے اور کسی کو بھی اس کی سکیورٹی خراب کرنے کی اجازت نہیں دی گی۔ انہوں نے بتایا کہ جریدے ’’الاھرام العربی‘‘ میں جو کچھ نشر ہوا اس کے بعد مصری فوج، عدلیہ اور صدر کی جانب سے حماس کو کوئی پیغام نہیں ملا۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ایک ہفتہ قبل اس اخبار نے جو کچھ شائع کیا تھا وہ جھوٹ پر مبنی تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ ان کی حکومت مصری عدالت کے ساتھ ہر قسم کے تعاون کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حماس اس کارروائی کی مکمل تحقیقات کے لیے اور تفتیش کے دوران مطلوب کسی بھی شخص کو قاھرہ بھیجنے کے لیے تیار ہے۔
بشکریہ:مرکز اطلاعات فلسطین