(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سابق صدر خالد مشعل نے کہا ہے کہ امارات کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ دوستی معاہدے کے اعلان نے پوری مسلم امہ کو صدمہ پہنچایا ہے صہیونی ریاست کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کے حامیوں کا موقف تبدیل ہو رہا ہے۔
مراکش کی انصاف وترقی پارٹی کے زیراہتمام یوتھ فورم سے خطاب میں خالد مشعل نے کہا کہ قضیہ فلسطین اور فلسطینی کاز کی حمایت کرنے والی عالمی طاقتوں روس اور چین کا موقف مضبوط ہو رہا ہے، یہ طاقتیں اپنی کھوئی ہوئی طاقت کو بحال کررہی ہیں۔ چین اس وقت ایک بڑی اقتصادی طاقت ہے جب کہ امریکی صدر ٹرمپ صہیونی ریاست کی طرف داری کرتے ہوئے تاریخ کو صہیونیت کی شکل دینے کی مذموم کوشش کررہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ دنیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہورہا ہے فلسطینی قوتوں کے درمیان یکجہتی اور اتحاد کی کوششیں تیزی سے جاری ہیں جلد ہی فلسطینی قوم امریکا اورصہیونی سازشوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی۔