اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے کہا ہے کہ صہیونی غاصب دشمن صرف طاقت کی زبان جانتا ہے۔ فلسطینی مجاہدین اور پوری قوم دشمن کے خلاف پوری قوت سے مسلح مزاحمت جاری رکھیں گے۔
رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں ہفتے کو علی الصباح بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپ میں شہید ہونے والے فلسطینی مجاھد احمد جمال صلاح کو خراج عقیدت پیش کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید جمال صلاح نے دشمن کے خلاف اسی زبان میں بات کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جسے دشمن سمجھتا ہے۔ شہید احمد صلاح پوری فلسطینی قوم کے لیے ایک نمونہ ہے جس نے دشمن کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا ہے۔ اس نے اپنی جان سے گذر کر دشمن کو یہ پیغام دیا ہے کہ فلسطینی قوم ہرقسم کی قربانی دینے کا عزم رکھتی ہے۔
خیال رہے کہ ہفتے کو علی الصباح مقبوضہ بیت المقدس میں قابض صہیونی فوجیوں اور فلسطینی شہریوں کے درمیان تصادم دوران ایک فلسطینی احمد جمال صلاح کو گولیاں مار کر شہید کردیا گیا تھا۔ یہ واقعہ شمالی بیت المقدس میں شعفاط پناہ گزین کیمپ کے قریب پیش آیا۔ فلسطینی شہری کی شہادت کے بعد بیت المقدس میں مقامی شہری گھروں سے نکل آئے اور انہوں نے صہیونی دشمن کے خلاف احتجاج شروع کردیا ہے۔
