فلسطینی اسلامی تحریک مزاحمت ‘‘حماس’’ اندرون فلسطین اور بیرون ملک موجود قیادت قاہرہ پہنچی ہے جہاں آج صدر ڈاکٹر محمد مرسی سے ملاقات کا امکان ہے۔ اطلاعات کےمطابق حماس کے پولیٹ بیورو خالد مشعل اپنی
جماعت کے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سوموار کے روز قاہرہ پہنچے۔ ادھرغزہ کی پٹی میں حماس کے وزیراعظم اسماعیل ھنیہ بھی کل شام قاہرہ پہنچ چکے ہیں۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے ذرائع کے مطابق خالد مشعل چند دن تک قاہرہ میں قیام کریں گے۔ اس دوران ان کی صدر ڈاکٹر محمد مرسی، وزیراعظم ھشام قندیل اور اخوان المسلمون کی قیادت سے ملاقات کریں گے۔ صدر ڈاکٹر مرسی کے ساتھ حماس کی قیادت کی ملاقات میں مسئلہ فلسطین کی موجودہ صورت حال بالخصوص غزہ کی پٹی می معاشی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ حماس کی قیادت ما بعد انقلاب مصری حکومت کے ساتھ نئے خطوط پرتعلقات استوار کرنےپر بھی بات چیت کرے گی۔
ذرائع کے مطابق صدر مرسی کی حماس کی قیادت کے ساتھ ملاقات میں فلسطینیوں کے حقوق کی حمایت کے سلسلے میں نئی تزویراتی حکمت عملی وضع کرنے اور فلسطینیوں کے درمیان مفاہمت کا عمل آگے بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
خالد مشعل کے ہمراہ قاہرہ پہنچنےوالے والے حماس کے وفد میں جماعت کے سیاسی شعبے کے اراکین عزت رشق اور سامی خاطر بھی موجود ہیں جب کہ اسماعیل ھنیہ، ڈاکٹر محمود الزھار، فتح حماد اورڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق پہلے ہی قاہرہ میں ہیں۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین