اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے سیاسی شعبے کے سربراہ آج اعلیٰ سطح عرب اور فلسطینی وفد کے ہمراہ اپنے وطن غزہ کی پٹی پہنچ رہے ہیں۔
ان کے استقبال کے لیے شہر کو سجا دیا گیا ہے۔ خالد مشعل حماس کے پچیسیوں یوم تاسیس کے موقع پر آج نماز جمعہ کے بعد غزہ پہنچیں گے جہاں وہ حماس کے زیراہتمام ایک عظیم الشان جلسہ عام سے بھی خطاب کریں گے۔ اس دورے میں حماس کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ مرزوق، تنظیم کے سیاسی شعبے کے اراکین عزت رشق، صالح العاروری۔ بیرون ملک مقیم حماس کے دیگر رہ نما اور عرب ممالک سے کئی اہم شخصیات بھی غزہ آئیں گی۔ادھرغزہ کی پٹی میں حماس کی جانب سے مہمانوں کے استقبال کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ غزہ کے سرحدی گذرگاہ رفح سے وسطی غزہ میں النصر کالونی میں حماس کے بانی رہ نما شیخ احمد یاسین شہید کی رہائش گاہ تک خالد مشعل اور ان کے وفد کو ایک عظیم الشان استقبالی قافلے کے جلو میں لایا جائے گا۔ خالد مشعل وہیں قیام کریں گے اور بعد ازاں وہاں پر ایک عظیم جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق خالد مشعل کے دورہ غزہ کے موقع پرشہر میں جگہ جگہ بڑے بڑے استقبالی بینرز اور ان کی تصاویری بورڈز لگائے گئے ہیں اور شہر کو خوبصورت جھنڈیوں سے سجایا گیا ہے۔ خالد مشعل کی آمد سے قبل بڑی تعداد میں بیرون ملک سے شہری غزہ کی پٹی میں پہنچے ہیں۔ حماس کی ربع صدی کے اس سفر میں یہ پہلا تاسیسی اجلاس ہے، جس میں عرب اور اسلامی ممالک سے بھی وفود شرکت کررہے ہیں۔