اسلامی تحریک مزاحمت(حماس) کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کی قیادت میں حماس کے اعلیٰ سطح کے وفد نے روسی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ الیکذنڈرسلطانوف سے دمشق میں اہم ملاقات کی ہے،
ملاقات میں فلسطین کی موجودہ داخلی صورت حال پرتفصیل سے تبادہ خیال کیا گیا۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ دونوں راہنماؤں کے درمیان دمشق میں ہونے والی ملاقات حوصلہ افزا رہی جس میں فلسطینی جماعتوں کے درمیان مفاہمت اور عرب اسرائیل تنازع پر کھل کربات چیت کی گئی۔ ملاقات میں خالد مشعل نے روس کی جانب سے حماس کے بائیکاٹ کے لیے مغربی دباؤ کو نظرانداز کرنے پرروس کا شکریہ ادا کیا۔ دوسری جانب روسی محکمہ خارجہ کے ترجمان انڈریا نیسٹرینکو نے گذشتہ ماہ اپنے ایک بیان میں کہاتھا کہ فلسطین میں حماس ایک اہم مقام رکھنے والی تنظیم ہے، حماس کے بائیکاٹ کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ فلسطینی مسائل کا حل حماس کے ساتھ تعلقات توڑنے میں نہیں بلکہ فلسطینی جماعتوں کے درمیان مفاہمت کرانے میں ہے۔ حال ہی میں روسی وزیرخارجہ سیرگی لافروف اور خالد مشعل کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں فلسطین کی تازہ صورت حال پرتفصیل سے تبادلہ خیال کیاگیا