رپورٹ کے مطابق حماس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ خالد مشعل سے ملاقات کے دوران ترک صدر نے یقین دلایا کہ وہ ان کی حکومت فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت جاری رکھے گی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں مزید ملاقاتیں جاری رکھنے سے بھی اتفاق کیا ہے۔
قبل ازیں ترک خبر رساں ایجنسی’’اناطولیہ‘‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا تھا کہ خالد مشعل نے ملاقات میں صدر ایردوآن کو فلسطین اورمشرق وسطیٰ کے موضوعات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
خیال رہے کہ خالد مشعل اور ترک صدر کے درمیان یہ ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب دوسری جانب ترکی اور اسرائیل کے مابین سفارتی تعلقات کی بحالی کے لیے مذاکرات کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ ترکی اور اسرائیل کے درمیان پچھلے پانچ سال سے تعلقات تعطل کا شکار ہیں تاہم حالیہ ایام میں دونوں ملکوں کی حکومتوں نے مفاہمتی کوششوں اور مذاکرات کی تصدیق کی ہے اور بتایا ہے کہ انقرہ اور تل ابیب اختلافات ختم کرنے پر متفق ہوگئے ہیں۔ تاہم اس سلسلے میں حتمی معاہدہ ہونا ابھی باقی ہے۔