اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت رشق کی سربراہی میں تحریک کے وفد نے کویت کے امیرشیخ صباح الاحمد الجابر الصباح سے ان کے محل میں ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے مسئلہ فلسطین کے حل میں ہونے والی تازہ پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔ عزت رشق نے ’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے ساتھ خصوصی گفتگو میں کہا کہ اس ملاقات میں مسئلہ فلسطین پر ہونے والی پیش رفت کے ساتھ ساتھ فلسطینی مفاہمت پر بھی گفتگو ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کویت کے امیر شیخ صباح نے حماس اور فتح کے مابین ہونے والے مفاہمتی معاہدے کی بھرپور حمایت کی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ کویت کے امیر نے فلسطینیوں کے مابین اتحاد کی ضرورت پر زور دیا اور فلسطین کی دونوں بڑی جماعتوں کے مابین مفاہمت کے سفر پر اطمینان کا اظہار بھی کیا۔ انہوں نے مسئلہ فلسطین کے حل اور اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کرنے والی فلسطینی قوم کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ملاقات کے دوران کویت کے ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح اور حکومت کےدیگر اعلی عہدیداران بھی موجود تھے۔ حماس کے وفد میں عزت رشق کی سربراہی میں ڈاکٹر موسی ابو مرزوق، سامی خاطر بھی شامل تھے۔
بشکریہ: مرکز اطلاعات فلسطین