اسلامی تحریک مزاحمت [حماس] کے پولٹ بیورو کے سربراہ خالد مشعل کی سربراہی میں تنظیم کے ایک وفد نے مصری انٹلیجنس چیف بریگیڈئر جنرل رافت شحاتہ سے بدھ کے روز ملاقات کی۔
فلسطین اسٹڈی سینٹر کے ڈائریکٹر ابراہیم الدراوی نے بتایا اس موقع پر حماس کے سیاسی شعبے کے رکن عزت الرشق اور محمد نصر بھی موجود تھے۔فریقین نے مسئلہ فلسطین کے حوالے سے تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ اس ضمن میں حماس اور فتح کے درمیان مصالحت کی کوششوں کے دوبارہ آغاز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ ملاقات مصر کے مختلف فلسطینی سیاسی جماعتوں سے رابطوں کے تناظر میں ہوئی۔ نیز ملاقات کا محرک دراصل خالد مشعل کے تاریخی دورہ غزہ کے دوران فلسطینی تنظیموں سے ہونے والی ملاقاتیں بھی تھیں جس میں انہوں نے مسئلہ فلسطین کے حل کے سلسلے میں کی جانے والی کوششوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔