قطر کے دارالخلافہ دوحہ میں اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل اور مغربی کنارے کی فلسطینی اتھارٹی کے صدر محمود عباس کے دوسری ملاقات ہوئی،
دونوں رہنماؤں نے قاھرہ میں فتح اور حماس کے مابین ہونے والی فلسطینی مفاہمت پر عمل درآمد کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔
’’مرکز اطلاعات فلسطین‘‘ کے نمائندے کے مطابق اس ملاقات میں قطر کے امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی اور قطری وزیر اعظم حمد بن جاسم آل ثانی بھی موجود تھے۔
اس ملاقات سے قبل قطر میں حماس اور فتح کے دیگر رہنماؤں نے بھی مختلف امور پر مذاکرات کیے، حماس کے وفد میں سامی خاطر اور محمد نصر جبکہ فتح کی مرکزی کمیٹی کے رکن صائب عریقات، عزام الاحمد اور قطر میں فتحاوی سفیر منیر غنام نے باہمی دلچسپی کے امور پر گفت و شنید کی۔
قبل ازیں حماس کے سیاسی شعبے کے ڈپٹی چئرمین ڈاکٹر موسی ابو مرزوق یہ اعلان کر چکے ہیں کہ خالد مشعل اور محمود عباس کے مابین دوسری ملاقات فتح کی درخواست پر ہو رہی ہے، اور اس ملاقات کے مرکزی ایجنڈے میں فلسطین کی عبوری مرکزی حکومت کی تشکیل پر بات چیت شامل ہے۔