اسلامی تحریک مزاحمت ۔ حماس کے سیاسی شعبے کے چیئرمین خالد مشعل آئندہ اتوار کو مصر کا دورہ کریں گے جہاں وہ مصر کی میزبانی میں فلسطینی تنظیموں کے مابین مصالحتی کوششوں کے ضمن میں مصری قیادت سے اہم مذاکرات کرنے والے ہیں۔
خالد مشعل کے ہمراہ حماس کا ایک ہائی لیول وفد بھی ان مذاکرات میں ان کے ہمراہ ہو گا۔ غزہ میں حماس کے ترجمان ڈاکٹر سامی ابو زھری نے بدھ کے روز ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ حماس کا وفد مصری حکام کے ساتھ اس مسودے پر تبادلہ خیال کرے گا، جسے مصر نے فلسطینی قومی مصالحت کے لئے تیار کیا ہے۔ سامی ابو زھری کا کہنا تھا کہ ان کی تنظیم مصری مسودے کو مثبت سوچ کے زیر غور لا رہی ہے۔ حماس، بہ قول سامی ابو زھری، کسی بھی ایسی کوشش کو کامیاب ہوتا دیکھنا چاہتی ہے جس کا مقصد فلسطینیوں کے درمیان اختلافات ختم کرنا ہے۔ حماس کے ترجمان کے بہ قول اس ضمن میں مصری کوششیں سر فہرست ہیں۔ یاد رہے کہ مصری حکومت نے اوائل ستمبر میں ایک دستاویز فلسطینی فریقوں میں تقسیم کی تھی جس میں فلسطینی تنظیموں کے درمیان اختلافات ختم کرنے کا فارمولا پیش کیا گیا ہے۔