اردن حکومت کے ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے پولیٹ بیورو چیف خالد مشعل آئندہ اتوار کو خصوصی دورے پرعمان آئیں گے۔ ان کے ہمراہ قطری ولی عہد شیخ تمیم بن حمد آل ثانی بھی اردن آئیں گے۔
خیال رہے کہ اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ خالد مشعل کا دورہ اردن گذشتہ برس نومبرمیں طے کیا گیا تھا، تاہم اردن پرامریکی دباؤ کے باعث خالد مشعل عمان نہیں جا سکے تھے۔
اردنی حکومت کے ذرائع نے مرکز اطلاعات فلسطین کو بتایا کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ کے دورہ اردن کا مقصد حماس اور اردن کے درمیان سیاسی تعلقات کو مضبوط بنانا ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ خالد مشعل اپنے دورہ اردن کے دوران ملک کے فرمانروا شاہ عبداللہ دوم اور وزیراعظم عون الخصاونہ سے بھی ملاقات کریں گے۔