جنوبی افریقہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس ‘‘ کے پارلیمانی وفد نے جنوبی افریقہ کی حکومت کے اہم عہدیداروں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ گذشتہ روز حماس کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن ڈاکٹر محمود الزھار کی قیادت میں جماعت کے اعلیٰ سطحی وفد نے جنوبی افریقہ کی خاتون وزیر برائے تجارت لویندا زولو، وزارت خارجہ کے مشیر زین دانجو اور دیگر عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے پارلیمانی وفد ڈاکٹرمحمود الزھارکی قیادت میں جنوبی افریقہ کا دورہ کیا۔ اس دورے میں مروان ابو راس، مشیر المصری اور محمد فرج الغول شامل ہیں۔
محمود الزھار نے جنوبی افریقہ کی قیادت کو فلسطین کی موجودہ صورت حال اور دیگر امور پر بریفنگ دی۔ انہوں نے جنوبی افریقہ کی جانب سے اسرائیل کی سفارت نمائندگی کم کرنے اور قضیہ فلسطین کو اہمیت دینے کا خیر مقدم کیا۔
انہوں نے کہا کہ قضیہ فلسطین اس وقت نازک دور سے گذ رہا ہے۔ قضیہ فلسطین کے خلاف ہونے والی عالمی اور صیہونی سازشوں بالخصوص امریکا کے نام نہاد امن منصوبے”صدی کی ڈیل” کو ناکام بنانے کے لیے فلسطینیوں کی حامی قوتوں کو متحد ہونا ہوگا۔