مغربی کنارے میں عباس ملیشیا کی جانب سے اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے کارکنوں کو گرفتار کرنے کی کارروائیاں جاری ہے-
فلسطینی صدر محمود عباس (جن کی مدت صدارت ،ختم ہو چکی ہے) کو براہ راست جوابدہ سیکورٹی فورسز نے گزشتہ روز مغربی کنارے کے مختلف علاقوں سے حماس سے تعلق رکھنے کی بنا پر گیارہ افراد کو گرفتار کرلیا جن میں ایک کونسلر اور پانچ ایسے اسیران شامل ہیں جو اسرائیلی عقوبت خانوں میں پابند سلاسل رہ چکے ہیں-
مغربی کنارے میں حماس کی ویب سائٹ ’’امامہ‘‘ نے حماس کے مغوی اراکین کی تفصیل جاری کی ہے جس کے مطابق نابلس سے 8، قلقیلیہ سے 2 اور الخلیل سے ایک فرد کو گرفتار کیا گیا-
’’امامہ‘‘ کے مطابق مغربی کنارے میں سلام فیاض کی غیر آئینی حکومت کی جانب سے حماس سے تعلق رکھنے والے ملازمین کو ناجائز طریقے سے برطرف کرنے کا سلسلہ بھی جاری ہے- سلفیت اور الخلیل سے 39 مرد و خواتین اساتذہ کو ان کی ملازمتوں سے فارغ کردیا گیا-الخلیل سے 9 اور سلفیت سے 30 اساتذہ کو نوکریوں سے نکالا گیا-