بیروت (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کی لبنان نمائندہ قیادت آٹھ سال کے بعد تبدیل کی گئی ہے۔ سبکدوش ہونے والے مندوب علی برکہ کی جگہ ڈاکٹر احمد عبدالھادی کو لبنان میں جماعت کا نیا مندوب مقرر کیا گیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق لبنان میں حماس کی نمائندہ قیادت کی تبدیلی کے بعد ایک پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں جماعت کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن عزت الرشق اور علی البرکہ اور نو منتخب مندوب ڈاکٹر احمد عبدالھادی سمیت دیگر رہنمائوں اور کارکنوں نے شرکت کی۔
علی برکہ مسلسل دو بار لبنان میں حماس کے مندوب رہے۔ جماعت کے داخلی دستور کے مطابق بیرون ملک کسی بھی مندوب کو چار سال کے لیے مقرر کیا جاتا ہے اور اس کی بار بار توسیع کی جاسکتی ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عزت الرشق نے لبنان میں جماعت کی نمائندگی کرنے پر علی برکہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ علی برکہ نے فلسطینی قوم اور ہمارے دیرینہ و اصولی مطالبات کے لیے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔ لبنان میں ان کی خدمات کو تبدیل کرتے ہوئے انہیں نئی ذمہ داریاں سونپی جائیں گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ڈاکٹر احمد عبدالھادی نئی ذمہ داری کو احسن طریقے سے ادا کریں گے اور لبنان میں مقیم فلسطینی پناہ گزینوں اور فلسطینی کمیونٹی کے حقوق کے لیے اپنی خدمات کے ذریعے ان مٹ نقوش چھوڑیں گے۔