مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس رہ نما مشیر المصری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حماس نے شام میں اپنا کوئی عسکری گروپ تشکیل نہیں دے رکھا ہے اور نہ ہی حماس کا اکناف بیت المقدس نامی تنظیم کے ساتھ کوئی تعلق ہے۔
خیال رہے کہ عرب ذرائع ابلاغ میں یہ تاثر دیا جا رہا ہے کہ یرموک پناہ گزین کیمپ میں موجود ’’اکناف بیت المقدس‘‘ نامی عسکری تنظیم کا حماس کے ساتھ تعلق ہے اور حماس اس تنظیم کی سرپرستی کررہی ہے۔
مشیر المصری کا کہنا ہے کہ حماس کسی بھی عرب ملک کے عدم مداخلت کی پالیسی پرقائم ہے۔ ہم شام کے تمام فریقین کے ساتھ ایک ہی فاصلے پرہیں کسی ایک کی طرف داری، مخالفت یا حمایت نہیں کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ اپریل کےاوائل سے دمشق کے یرموک پناہ گزین میں دولت اسلامی’’داعش‘‘ کے قبضے کے بعد اکناف بیت المقدس نامی تنظیم نے داعش کا مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ یہ تنظیم افرادی قوت کے اعتبار سے کمزور ہے مگر اس نے ابھی تک داعش کا مقابلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ عرب ذرائع ابلاغ کی جانب سے سامنے آنے والی خبروں میں بتایا گیا تھا کہ حماس اکناف بیت المقدس کی سرپرستی کررہی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین
