غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس نے لیبیا کی ایک عدالت سے چار فلسطینیوں کو قید اور بھاری جرمانوں کی سزاؤں کو ظالمانہ اور غیرانسانی قرار دیتے ہوئے ان کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ لیبیا کی عدالت نے محض سیاسی انتقام میں چار بے گناہ فلسطینیوں کو قید اور جرمانوں کی سزائیں سنائی ہیں۔ حماس لیبیا کی عدالت کے فیصلے کی مذمت کرتے ہوئے اس پر نظرثانی کا مطالبہ کرتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لیبیا میں موجود فلسطینی لیبیا کے مہمان ہیں مگر وہاں کی حکومت فلسطینیوں کو بھی انتقامی کارراوئیوں کا نشانہ بنا رہی ہے۔
خیال رہے کہ حال ہی میں لیبیا کی ایک عدالت نے لیبیا کی ایک عدالت نے چار فلسطینی شہریوں کو 17 سے 22 سال قید کی سزائیں سنائی ہیں۔ان فلسطینیوں کو سیاسی بنیادوں پر انتقام کا نشانہ بنایا گیا ہے اور الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے لیبیا میں اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کا سیل قائم کرنے کی کوشش کی تھی۔ دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیموں نے لیبی عدالت کے فیصلے کوغیر منصفانہ اور سفاکانہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں نے ایسا کوئی جرم نہیں کیا جس کی پاداش میں انہیں کڑی سزائیں دی گئی ہیں۔