خالد مشعل اور زاھد حمیدی کے درمیان ہونے والی بات چیت میں مسجد اقصیٰ کے خلاف جاری صہیونی سازشوں، بیت المقدس میں صہیونی غنڈہ گردی اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی جارحیت میں اضافے سمیت باہمی دلچپسی کے امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔
ملائیشیا کے دورے میں خالد مشعل کے ہمراہ آنے والے جماعت کے سیاسی شعبے کے رکن محمد نزال نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’’فیس بک‘‘ پر پوسٹ کردہ ایک بیان میں کہا کہ خالد مشعل نے ملائیشیا کے نائب وزیراعظم زاھد حمیدی، وزیر برائے قومی سلامتی شہیدان قاسم اور دیگر اعلیٰ حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں فلسطین کی موجودہ تازہ ترین صورت حال بالخصوص تحریک انتفاضہ الاقصیٰ کے بارے میں تفصیل سے بریفنگ دی گئی۔
حماس کے وفد نے ملائیشیا کی پارلیمنٹ کے ایک اجلاس میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ملائیشیا کی سیاسی جماعتوں اور سیاسی رہنماؤں نے حماس کی قیادت کا خیر مقدم کیا۔
قبل ازیں حماس کے وفد نے ملائیشیا کی حکمراں جماعت ’’آمنو‘‘ کے سیکرٹری جنرل تنکو عدنان منصور سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والے حماس کے وفد میں جماعت کے سیاسی شعبے کے نائب صدر ڈاکٹر موسیٰ ابو مرزوق، سیاسی شعبے کے ارکان محمد نزال اور ماہرعبید۔ فلسطین کلچر آرگنائزیشین کے چیئرمین مسلم عمران اور دیگر عہدیدار شریک تھے۔
خیال رہے کہ حماس کا وفد منگل کو چار روزہ دورے پر ملائیشیا کے دارالحکومت کولالمپور پہنچا تھا۔ حماس کی قیادت کو ملائیشیا کی حکمراں جماعت’’آمنو‘‘ کی جانب سے جماعت کے سالانہ اجتماع میں شرکت مین مدعو کیا گیا ہے۔