غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) غزہ کی حکمراں فلسطینی جماعت حماس نے عالمی برادری سے بٹ کوائن کے ذریعے فنڈز بھیجنے کی اپیل کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے عسکری شعبے کے ایک ترجمان نے عالمی برادری کے لیے ایک پیغام جاری کیا ہے اور اس میں ان پر زور دیا ہے کہ ’’وہ ورچوئل کرنسی بٹ کوائن کے ذریعے مزاحمت کی مدد کریں ‘‘۔
اس پیغام میں مزید کہا گیا ہے کہ رقوم بھیجنے کے طریق کار کا بعد میں اعلان کیا جائے گا۔حماس اس وقت سخت مالی بحران سے دوچار ہے اور بنک بھی اس کے لیے براہ راست رقوم کا لین دین نہیں کررہے ہیں۔ بٹ کوائن نے حماس کی اس اپیل پر کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔
ترجمان نے اسرائیل پر حماس کی مالیات تک رسائی روکنے کا الزام عائد کیا ہے۔حماس کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ اس کے عسکر ی شعبے کو ایران سے نمایاں مالی امداد مل رہی ہے لیکن یہ واضح نہیں کہ یہ رقوم کن ذرائع سے غزہ میں منتقل کی جارہی ہیں۔
بٹ کوائن کو ماضی میں زیر زمین ویب گاہوں کے ذریعے رقوم کی منتقلی پر تنقید کا سامنا رہا ہے اور لوگ ان ویب گاہوں کے ذریعے اس کرنسی سے اسلحہ خرید کرتے رہے ہیں۔