مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان حسام بدران نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ تل ابیب میں بس پر حملہ فلسطینیوں کی صہیونی مظالم کے خلاف انفرادی مزاحمت کی بہترین مثال ہے۔ اس طرح کے واقعات صہیونی فوج کی فلسطینیوں کے خلاف منظم ریاستی دہشت گردی کا فطری رد عمل ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ تل ابیب کارروائی سے فلسطینی شہداء کی ماوں کے دلوں میں سکون آگیا۔ حماس اس جہادی اور بہادرانہ کارروائی کی تعریف کرتی ہے۔ یہ کارروائی فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فوج کے مظالم کا رد عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ تل ابیب کارروائی سے اسرائیلی دشمن کے ساتھ مفاہمت اور مذاکرات کرنے والے تمام حلقوں کو یہ پیغام پہنچا ہے کہ فلسطینی عوام دشمن سے مذاکرات پر یقین نہیں رکھتے ہیں۔ اسرائیلی فوج آئے روز نہتے اور معصوم فلسطینیوں کا قتل عام کرتی ہے اور اس کے جواب میں فلسطینی عوام بھی خاموش تماشائی نہیں بنیں گے۔
خیال رہے کہ گذشتہ روز تل ابیب میں یہودی آباد کاروں کی ایک بس میں ایک تئیس سالہ فلسطینی نے گھس کر خنجر کے وار سے 21 یہودی آبادکاروں کو زخمی کردیا تھا۔ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت خطرے میں بتائی جاتی ہے۔
بشکریہ:مرکزاطلاعات فلسطین