اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” نے کل جمعہ کو ملک بھر میں نصرت مسجد اقصیٰ کے حوالے سے احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ فلسطین کی دوسری تنظیموں کی جانب سے بھی حماس کی اپیل کا خیر مقدم کرتے ہوئے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کی یقین دہانی کرائی گئی
ہے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعہ دو اکتوبر کو فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کےشہروں، بیت المقدس اور غزہ کی پٹی میں بھی مسجد اقصیٰ کی بے حرمتی کے خلاف احتجاجی جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
مغربی کنارے میں ایک بڑی ریلی وسطی شہر رام اللہ میں البیرہ کے مقام میں واقع جامع مسجد الکبیر سے نکالی جائے گی، جس کے بعد شہر کے دوسرے علاقوں سے بھی فلسطینی ریلی میں شرکت کریں گے۔
فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں نصرت مسجد اقصیٰ ریلیوں کے لیے تیاریاں عروج پرہیں اور مختلف طبقہ زندگی کی نمائندہ تنظیموں نے نصرت اقصیٰ ریلیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے اور شہریوں کو ان میں شریک کرنے کا اعلان کیا ہے۔