(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )صہیونی مظالم کے خلاف برسر پیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی شعبے کے سینئر رکن ڈاکٹر موسی ابو مرزوق نے فلسطینیوں اور مسئلہ فلسطین کی حمایت کرنے پر روس کے کردار کو بھر پور سراہتے ہوئے کہا ہے کہ روس خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں سب سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حماس رہنما ڈاکٹر موسی ابو مرزوق جو روس کے دورے پر آئے ہوئے حماس کے اعلی سطحی وفد کی قیادت کر رہے ہیں نے روس کے مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے کے لیے روس سب سے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے بعض عرب ممالک پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عرب ممالک فلسطینی مفاد کے خلاف فیصلے کررہے ہیں اور ان کا امریکی لابی میں شامل ہونا مسئلہ فلسطین کو نقصان پہنچانے کی کوشش کے سوا کچھ نہیں ہے۔
انہوں نے مشرق وسطی میں روس کے کردار کو بھرپور سراہتے ہوئے کہا کہ روس کی خطے میں موجودگی سے امریکی طاقت اور چوہدراہٹ میں کمی آئی ہے اور طاقت کا توازن برابر ہوا ہے ،روس اور فلسطین کے تعلقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام کی اکثریت روس کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور فلسطین کی حکومتی اور حزب اختلاف دونوں سے روس کے بہترین تعلقات ہیں جس کی بنا پر یہ امید کی جا سکتی ہے کہ روس فلسطینی جماعتوں کے داخلی مسائل کے حل کے لیے بہتر کردار ادا کر سکتا ہے۔
یاد رہے کہ حماس کا اعلی سطح وفد گزشتہ روز روس پہنچا ہے جہاں انہوں نے روسی وزارت خارجہ کے اعلیٰ سطحی حکام کے ساتھ ماسکو میں ملاقات کی۔ حماس کے وفد کی قیادت سینئر رہنما ڈاکٹر ابو موسی مرزوق کر رہے ہیں دونوں فریقین نے اس ملاقات میں فلسطین کی تازہ ترین صورت حال، امریک کے صدی کی ڈیل کےمنصوبے، حماس اور دیگر فلسطینی دھڑوں کی طرف سےاس کی مخالفت کے اصولی موقف، منامہ کانفرنس کے بائیکاٹ ، فلسطینی جماعتوں میں مصالحت کی راہ میں حائل رکاوٹوں، فلسطین میں صدارتی، پارلیمانی اور بلدیاتی انتخابات، قومی حکومت کےقیام کی مساعی اور آزادی کے لیے مشترکہ اور جامع جد جہد پر بات چیت کی۔