(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )قابض صہیونی فوج کے مظالم کے خلاف بر سر پیکار فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے ترجمان نے امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطیٰ جیسن گرین بیلٹ کے مغربی کنارے کے یہودی آباد کاروں کے بارے میں متنازعہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بیان نے اس تاثر کو درست ثابت کردیا ہے کہ امریکہ ہی صہیونیت کا اصل سرپرست ہے۔
تفصیلات کے مطابق حماس کے ترجمان سمیع ابو زہری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جیسن گرین بیلٹ کا یہ بیان کہ مغربی کنارے کے علاقے کو مقبوضہ کہنا درست نہین اور وہاں موجود قابض یہودیوں کو آباد کار کہنا بھی غلط عمل ہے اس بات کو ثابت کرتا ہے کہ موجود امریکی انتظامیہ مکمل طور پر صہیونی ریاست کی طرف جھکاو رکھتی ہے اور اس کے مفاد کو ہی فوقیت دیتی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں امریکی خصوصی ایلچی برائے مشرق وسطی جیسن گرین بیلٹ نے ایک ٹی وی انٹرویو کے دوران تاریخی حقائق کو شدید مسخ کرتے ہوئے کہا تھاکہ فلسطین اسرائیل تنازعے میں درحقیقت مظلوم اسرائیلی آباد کار ہیں اور انکو آباد کار کہنے سے انکی دل آزاری ہوتی ہے لہذا اس سے اجتناب کیا جائے۔
انہوں نے مزید ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارے کے علاقے کو مقبوضہ کہنا بھی درست نہیں بلکہ اسکو ایک متنازعہ علاقہ قرار دینا چاہئے۔