قاہرہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مصری حکومت کی طرف سے قاہرہ کی میزبانی میں فلسطینی دھڑوں کے درمیان ہونے والے مصالحتی مذاکرات میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔ حماس نے فلسطینی جماعتوں میں مصالحت کے لیے قاہرہ کی طرف سے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے مصری کردار کی تحسین کی ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے ترجمان اور سیاسی شعبے کے رکن حسام بدران نے کہا کہ ان کی جماعت کو قاہرہ میں فلسطینی دھڑوں کے درمیان ہونے والی مصالحتی کوششوں میں شرکت کے لیے دعوت پیش کی ہے۔ حماس مصر کی فلسطینیوں کے درمیان مصالحتی کوششوں کا خیر مقدم کرتی ہے۔
ادھر گذشتہ شام حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے مصری انٹیلی جنس چیف میجر جنرل عباس کامل سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کا مقصد فلسطینی دھڑوں کے درمیان جاری مصالحتی کوششوں کو آگے بڑھانا اور غزہ کے عوام کے معاشی مسائل کے حل میں ان کی مدد کرنا تھا۔