(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) اسماعیل ھنیہ نے کہا ہے کہ قوم کو فلسطینی علاقوں کے الحاق،صدی کی ڈیل، اسرائیل سے تعلقات معمول پر لانے، مسجد اقصیٰ کی تقسیم جیسی سازشوں کا سامنا ہے ،حماس قوم کو متحد کرنے کیلئے ہر قربانی کیلئے تیار ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے بین الاقوامی طلبا کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قضیہ فلسطین کی فتح کیلئے طلبا نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے، صیہونی ریاست کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کے اقدامات کی ہمیشہ مخالفت کی اور مزاحمت کے میدان میں ہمیشہ فلسطینی قوم کا ساتھ دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ارض مقدس سے بے دخل کئے گئے فلسطینی پناہ گزینوں کے حق واپسی پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے، فلسطینیوں کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے ہرطرح کی مزاحمت کاحق ہے، حماس ارض فلسطین کی مکمل آزادی، آزاد اور مکمل خود مختار ریاست کے قیام اور فلسطینی پناہ گزینوں کے واپسی کےبنیادی اصولوں پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گی۔