اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کے اہم رہنما اور قانون ساز کونسل کے رکن محمد شہاب نے برطانوی خارجہ امور کمیٹی کی جاری کردہ رپورٹ کو سراہا ہے جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ برطانوی حکومت حماس کیساتھ براہ راست مذاکرات کا آغاز کر کے یورپ کی بیداری اور کھلے ہونے کا ثبوت فراہم کرے-
العام سیٹلائیٹ چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی جماعت ان تمام بیانات کا خیر مقدم کرتی ہے جن میں کہا گیا ہے کہ فلسطینی تحریک آزادی کے ساتھ ایسا سلوک کیا جائے جس کی وہ شفاف جمہوری انتخابات میں عوام الناس کے ووٹ حاصل کرنے کے بعد حقدار ہے- انہوں نے کہا کہ دنیا میں سینکٹروں تنظیمیں، گروپ اور اراکین پارلیمان ہیں جو مسئلہ فلسطین کی حمایت کرتے ہیں اور یقین رکھتے ہیں کہ حماس ایک مزاحمتی جماعت ہے کہ جو فلسطینی عوام کے قانونی حقوق کی حفاظت کر رہی ہے- اسلامی تحریک مزاحمت (حماس)کے عہدیدار نے کہا ہے کہ برطانوی رپورٹ جس میں حماس کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کا مطالبہ کیا ہے کا کئی معاملات میں رویہ نامناسب رہا ہے کیونکہ اس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ غزہ میں عام شہریوں پر تشدد کیا گیا- انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیلی ریاستی جبر اور جدید اسلحے کے مقابلے میں فلسطینی عوام اپنے دفاع کیلئے معمولی ذرائع استعمال کرنے پر مجبور ہیں انہوں نے مسلم عوام ، تنظیموں اور موثر اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی حکومتوں اور لیڈروں سے مطالبہ کر سکیں کہ وہ مسئلہ فلسطین کے بارے میں اپنے موقف میں تبدیلی لائیں اور فلسطینی عوام کی آزادی کے حصول کے لئے جدوجہد کریں-