(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ کی اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ ترک صدر سے ملاقات ، ملاقات میں قضیہ فلسطین اور غزہ پر اسرائیل کی مسلط کردہ معاشی پابندیوں سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مقبوضہ فلسطین میں قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ حماس کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے تنظیم کے اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ گزشتہ روز ترک صدررجب طیب اردوآن سے ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ملاقات کی ، ترک صدر اور حماس کے وفد کے درمیان ہونے والی ملاقات میں قضیہ فلسطین، فلسطین کی موجودہ صورت حال، اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف ریاستی دہشتگردی اور غزہ پر اسرائیل کی مسلط کردہ معاشی پابندیوں سمیت باہمی دلچسپی کے دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترک صدر رجب طیب ایردوآن اور حماس رہ نما اسماعیل ھنیہ کے درمیان ملاقات میں القدس اور مسجد اقصیٰ کو درپیش مشکلات اور مظلوم فلسطینی قوم کو درپیش مشکلات پرتبادلہ خیال کیا گیا۔ترک صدر نےحماس رہ نما پر فلسطینی دھڑوں کے درمیان مصالحت پر زور دیا۔خیال رہے کہ حماس رہ نما اسماعیل ھنیہ کی قیادت میں جماعت کے اعلیٰ اختیاراتی وفد نے حال ہی میں ترکی کا دورہ کیا۔ ان کا ترکی کا دورہ جاری ہے۔