(روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی تنظیم حماس اور اسرائیل کے درمیان قیدیوں کے تبادلے کے سمجھوتے کے حوالے سے بات چیت کھٹائی میں پڑ گئی ہے۔ یہ بات باخبر ذرائع نے العربیہ اور الحدث نیوز چینلوں کو بتائی۔ یاد رہے کہ جرمنی اور مصر کی وساطت سے ہونے والی یہ ڈیل چند ہفتے قبل طے پانے کے قریب تھی مگر عید الفطر کے موقع پر اس میں رکاوٹ آ گئی ہے۔
روزنامہ قدس کی رپورٹ کے مطابق کھٹائی میں پڑ جانے والی ڈیل کے ضمن میں سات اسرائیلی فوجیوں کی لاشوں کا معاملہ گردش میں تھا جو 2014 کی جنگ کے دوران فلسطینی مزاحمت کاروں کے ہاتھوں مارے گئے۔ دوسری جانب اسرائیل پاس گرفتار شدگان فلسطینیوں کی تعداد چھ ہزار کے قریب ہے۔
حالیہ دھچکے کے باوجود گرفتار شدگان فلسطینیوں کے اہل خانہ کو اب بھی قوی امید ہے کہ ان کی اولاد جلد اسرائیلی جیلوں سے باہر آ جائیں گے۔ تاہم غزہ میں تجزیہ کاروں کے اندازوں کے مطابق فی الوقت ڈیل کا ہونا خارج از امکان ہے۔