(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حما س کے اعلیٰ عہدیدار کا کہنا ہے کہ غرب اردن اس وقت سنگین خطرات میں گھر چکا ہے، پوری فلسطینی قوم کو غرب اردن کو اسرائیل کا حصہ بنانے سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کےسینئررکن حسام بدران نے اپنے حالیہ ایک انٹرویو میں کہا کہ ان کی جماعت غرب اردن کے اسرائیل سے الحاق کی سازشوں کا پوری قوت اور تمام وسائل کے ساتھ مقابلہ کرے گی، غرب اردن کا الحاق روکنے کے لیے مسلح مزاحمت سےبھی گریز نہیں کیا جائے گا۔
حسام بدران نے پوری فلسطینی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ غرب اردن اس وقت سنگین خطرات میں گھر چکا ہے، پوری فلسطینی قوم کو غرب اردن کو اسرائیل کا حصہ بنانے سے روکنے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا اور صیہونی ریاست کے غاصبانہ قبضے کے خاتمے کے لیے پوری قوم کو اپنی صفوں میں اتحاد پیداکرنا ہوگا۔۔
انھوں نے کہا کہ غرب اردن کے علاقوں کو اسرائیل کا حصہ بنانے کے لیے امریکا سے حمایت حاصل کرنا اسرائیلی ریاست کی شکست کا ثبوت ہے، اسرائیل اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہوگیا ہے اور آگے بھی ناکام اس ناجائز ریاست کا مقدر ہے ۔