(فلسطین نیوز۔مرکز اطلاعات) اسلامی تحریک مزاحمت ’’حماس‘‘ کے سیاسی شعبے کے سینیر رکن اور سرکردہ فلسطینی سیاسی رہنما ڈاکٹر محمود الزھار نے قطر کے ایک اخبار میں اپنے نام منسوب اس بیان کی سختی سے تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ڈاکٹر الزھار نے لبنانی ملیشیا حزب اللہ کی شام میں مداخلت کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر الزھار کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر کے اخبار’’الشرق‘‘ میں ان کے نام منسوب بیان میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ڈاکٹر الزھار کا کہنا ہے کہ میں نے حزب اللہ کے حوالے سے کسی قسم کی کوئی بات نہیں کی ہے۔ شام میں حزب اللہ کی مداخلت کی مذمت کی بات اخبار کی من گھڑت کہانی ہے۔
حماس رہنما کا کہنا تھا کہ حماس دوسرے ملکوں کے اندرونی مداخلت نہیں کرتی۔ ہمارے مفادات کا تعلق اسرائیل کے خلاف مزاحمت تک محدود ہے۔ اس سے آگے ہم کسی کی مداخلت یا عدم مداخلت سے کوئی سروکار نہیں رکھتے ہیں۔
