(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) حماس نے بین الاقوامی فوج داری عدالت کی طرف سے فلسطینیوںکے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم کی تحقیقات کھولنے کے اعلان پرامریکا کی دھمکیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کسی صورت میں صہیونی ریاست کے جرائم کو بے نقاب نہیں کرنے دے رہا ہے۔
اسلامی تحریک مزاحمت "حماس” کے ترجمان حازم قاسم نے عالمی عدالت برائے انصاف کی جانب سے صیہونی ریاست کے جرائم کی تحقیقات کے اعلان پر امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی دھمکیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی فوجداری عدالت کو امریکا کی دھمکیاں کھلی غنڈہ گردی ہے ۔
فلسطینیوںکے خلاف اسرائیلی ریاست کے جرائم کی تحقیقات کھولنے کے اعلان پرامریکا کی پریشانی واضح ہے، امریکا کسی صورت میں صہیونی ریاست کے جرائم کو بے نقاب نہیں کرنے دے رہا ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکا کی طرف سے اسرائیل کی وجہ سے عالمی عدالت کو تنقید کا نشانہ بنانا اس امر کا واضح ثبوت ہے کہ صہیونی ریاست فلسطینیوںکے خلاف سنگین نوعیت کے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی مرتکب ہو رہی ہے۔انہوںنے امریکا کی طرف سے غرب ادن پر اسرائیلی قبضے کی حمایت کو فلسطین پر براہ راست امریکی یلغار کے مترادف قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی انتظامیہ فلسطینی قوم پرمظالم اور فلسطینی سرزمین پر اسرائیلی ریاست کے غاصبانہ قبضے میں مدد گار بن چکی ہے۔