اسلامی تحریک مزاحمت ‘ حماس’ نے ذرائع ابلاغ میں نشر ہونے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں بتایا گیا تھا کہ حال ہی میں جزیرہ نما سینا سے چار افراد کی مسخ شدہ لاشیں ملی ہیں جو مبینہ طورپر ان چار فلسطینیوں کی ہیں جنہیں انیس اگست کو غزہ سے قاہرہ جاتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد نے اغواء کرلیا تھا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے ترجمان سامی ابو زھری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے جزیرہ نما سینا سے کسی فلسطینی شہری کی لاش نہیں ملی ہے۔ اخبارات میں اس حوالے سے جتنی خبریں آئی ہیں وہ سب بے بنیاد ہیں۔
خیال رہے کہ فلسطینی ذرائع ابلاغ نے نامعلوم ذریعے کے حوالے سے خبر دی تھی کہ سات دن قبل جزیرہ نما سینا سے چار افراد کی لاشیں ملی ہیں۔ غالب امکان ہے کہ یہ چاروں لاشیں فلسطینیوں کی ہیں تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
یاد رہے کہ انیس اگست کو غزہ ک پٹی سے قاہرہ جاتے ہوئے جزیرہ نما سینا میں مسلح افراد نے ایک بس کو روک کراس میں سوار چار فلسطینیوں کو یرغمال بنا لیا تھا۔ اس کے بعد ان چاروں فلسطینیوں کے بارے میں کسی قسم کی معلومات نہیں مل سکی ہیں۔
